YouTube

مقبول خبریں

loading…


سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

شوبز

پاکستان میں پیدا ہونے والے معروف بالی ووڈ اداکار

1947 میں بر صغیر کی تقسیم کے بعد لاکھوں لوگوں کے ساتھ اداکار بھی پاکستان سے بھارت اور بھارت سے پاکستان منتقل ہوئے ان ہی میں بالی ووڈ کے بہت سے اداکاربھی شامل ہیں جو پیدا تو پاکستان میں ہوئے لیکن بھارت منتقلی کے بعد بالی ووڈ میں نہ صرف اپنی الگ پہچان بنائی بلکہ آج بھارتی فلم انڈسٹری پر اپنی اداکاری کی بدولت راج کررہے ہیں۔
دلیپ کمار:
ناموربالی ووڈ اداکار دلیپ کمار صرف اداکار ہی نہیں بلکہ اداکاری کی پوری اکیڈمی ہیں ، انہیں ٹریجڈی کنگ بھی کہاجاتا ہے ، بالی ووڈ پر کئی دہائیوں سے راج کرنے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے، ان کا تعلق پشاور کے قصہ خوانی بازار سے ہے۔یوسف خان پشاور کے ایک ہندکو خاندان میں پیدا ہوئے، 1930 میں ان کا خاندان بھارت کے شہر ممبئی منتقل ہوگیا جہاں انہوں نے دلیپ کمار کے نام سے فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور آج ان کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔
دیوآنند:
بالی ووڈ کے ماضی کے نامور اداکار دیو آنند 26 ستمبر 1923 کو غیر منقسم پنجاب کے ضلع گورداس پور کی تحصیل شکر گڑھ میں پیدا ہوئے یہ علاقہ اب پاکستان میں ضلع نارووال کی تحصیل ہے، دیو آنند نے اپنا بچپن گھروٹا گاؤں میں گزارا جبکہ انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی پاکستانی پنجاب میں حاصل کی بعد ازاں انہوں نےگورنمنٹ کالج لاہور سے انگلش لٹریچر میں بی اے کی ڈگری حاصل کی ، بعد ازاں ان کا خاندان بھی بھارت منتقل ہوگیا جہاں انہوں نے ایک اداکار کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی۔
ونود کھنہ:
نامور بالی ووڈ اداکار ونود کھنہ کا جنم بھی 6 اکتوبر 1946 میں پشاور میں ہوا تھا، ان کی پیدائش کے کچھ عرصے بعد ان کی فیملی پشاور سے ممبئی منتقل ہوگئی۔
پریم چوپڑا:
بالی ووڈ کے نامور ولن پریم چوپڑا 23 ستمبر 1935 میں لاہور میں ایک ہندو فیملی کے گھر پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ان کی فیملی بھارتی شہر شملہ منتقل ہوگئی، جہاں ان کی پرورش ہوئی۔
امجد خان :
بھارتی فلم انڈسٹری کے تاریخی ولن امجد خان المعروف گبر سنگھ کی جائے پیدائش پشاور کی ہے، بعد ازاں وہ اور ان کی فیملی بھی بھارت منتقل ہوگئی جہاں وہ اداکاری کا ایک بڑانام بن کر ابھرے ، امجد خان نے تقریباً 130 فلموں میں کام کیا ہے لیکن فلم شعلے میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
امریش پوری:
بھارتی فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار امریش پوری 1932 میں لاہور میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پنجابی فیملی لالہ نہال سنگھ پوری سے تھا ،بعد ازاں وہ پڑھائی کی غرض سے شملہ گئے اور وہیں سےاداکاری کا آغاز کیا۔
راج کپور:
بھارتی سینما کے نامور اداکار راج کپور کا تعلق بھی پاکستان سے ہے، تقسیم ہند سے قبل راج کپور 1924میں پشاور میں پیدا ہوئے، بعد ازاں وہ بھی پڑھائی کی غرض سے بھارت منتقل ہوئے اور پھر وہیں کے ہوکر رہ گئے۔
قادر خان:
بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار قادرخان تقسیم ہند سے قبل بلوچستان کے علاقے پشین میں پیدا ہوئے، انہوں نے بچپن کا ابتدائی دور اپنی والدہ کے ساتھ پشین میں گزارا، بعد ازاں ان کے والد بزنس کے سلسلے میں اپنی پوری فیملی کو لے کر ممبئی منتقل ہوگئے۔
راج کمار:
ناموربالی ووڈ اداکارراج کمار8اکتوبر 1926کو بلوچستان کے علاقے لورالائی میں پیدا ہوئے تھے، ممبئی منتقل ہونے کے بعد انہوں نے سب انسپیکٹر کے طورپر فرائض انجام دئیے بعد ازاں انہوں نے اداکاری میں قسمت آزمائی اور کامیاب رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Urdu Empire